|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2014

ابوجا: نائیجیریا کے شہر لاگوس کے مرکزی گرجا گھر کی عمارت زمین بوس ہونے سے 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جب کہ 124 کو بچالیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق نائیجیریا کے شہر لاگوس کے علاقے اکوٹن میں واقع مرکزی چرچ ’’دی سینگوگ چرچ آف آل نیشن‘‘ کا غیر ملکی مہمانوں کے لئے مخصوص 2 منزلہ کمپاؤنڈ زمین بوس ہونے سے 40 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جب کہ 124 افراد کو عمارت کے ملبے سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں بیشترزخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ نائیجیرین حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت چرچ میں تعمیراتی کام جاری تھا تاہم اصل وجوہات کے تعین کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔