کراچی: قومی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے سپورٹ کیلیے شاہد آفریدی کی جانب ہاتھ بڑھا دیا، انھوں نے آل راؤنڈر کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں موجود آل راؤنڈر نے فون پر نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شاہد آفریدی کو کپتان مقرر ہونے پر مبارکباد دی، میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، بورڈ نے انھیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 تک ذمہ داری سونپ کر اچھا فیصلہ کیا، میں بھی ہمیشہ یہی کہتا تھا کہ قائد کو زیادہ وقت دینا چاہیے،اب آفریدی کو جو ڈیڑھ، 2 سال ملے ہیں مجھے یقین ہے کہ وہ اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو کامیابیاں دلائیں گے۔
ان رپورٹس پر کہ پی سی بی نے ان سے بھی قیادت کے حوالے سے رابطہ کیا تھا حفیظ نے کہا کہ مجھ سے کسی نے کوئی بات نہیں کی، میرے ذہن میں بھی کپتانی کے حوالے سے کوئی خیالات نہیں آئے، ورلڈ ٹی 20 میں شکست کے بعد میں نے عہدہ چھوڑا جس کا کوئی افسوس نہیں ہے، اب میں صرف پاکستان کیلیے اچھا کھیل پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ان دنوں یہ خبریں گرم ہیں کہ آف اسپنرز کے مشکوک بولنگ ایکشنز کیخلاف آئی سی سی کے کریک ڈاؤن میں اگلا نمبر محمد حفیظ کا ہے، انھوں نے اس حوالے سے سوال پر کہا کہ تاحال کسی نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا، ویسے بھی میں گذشتہ 11 برس سے ایک ہی ایکشن سے بولنگ کر رہا ہوں، میں نے اپنا قدرتی انداز کبھی تبدیل نہیں کیا۔
یاد رہے کہ 9 سال قبل آسٹریلیا میں ٹرائنگولر سیریز کے دوران حفیظ کے ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے رپورٹ کی گئی تھی۔ آل راؤنڈر نے پابندی کے شکار ساتھی اسپنر سعید اجمل کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل سے نکل کر جلد دوبارہ پاکستان کیلیے خدمات انجام دیں گے۔ چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 میں لاہور لائنز کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر نے ایک سوال پر کہا کہ آئی پی ایل میں شرکت کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، پاک بھارت کرکٹ کے معاملات حکومتوں پر منحصر ہوتے ہیں، ہم انڈین لیگ کے بارے میں نہیں سوچ رہے، اس وقت ہماری توجہ چیمپئنز لیگ کے بقیہ میچز میں بھی عمدہ کارکردگی پر ہے، دنیا پاکستانی کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنا چاہتی ہے لہذا ہمیں جہاں موقع ملے گا کھیلیں گے۔
حفیظ نے سپورٹ کیلیے آفریدی کی جانب ہاتھ بڑھا دیا
وقتِ اشاعت : September 20 – 2014