کیچ (آزادی نیوز)بلوچستان کے ضلع کیچ میں دو مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپ میں گیارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ لیویز کے مطابق جھڑپ ایک روز قبل مغربی بلوچستان کے ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً دو سو کلو میٹر دور بال گتر کے علاقے میں ہوئی۔ کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ کے مسلح کارندوں نے یعقوب بال گتری نامی مسلح گروہ کے ارکان کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران دونوں دوطرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ لیویز کے مطابق جھڑپ میں یعقوب بالگتری ملا فضل اور ان کے دیگر نو ساتھی ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسند تنظیم نے ہلاک ہونے والے افراد کی گاڑیوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا اور ان کا اسلحہ اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ پاک ایران سرحد سے ملحقہ ہے اور یہاں حکومتی حمایت یافتہ گروہوں اور علیحدگی پسند تنظیموں کے درمیان پہلے بھی کئی بار جھڑپیں ہوئی ہیں۔ ایک ماہ قبل کیچ ہی میں دو مسلح تنظیموں کے درمیان جھڑپ میں پندرہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کیچ میں دو مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپ میں گیارہ افراد ہلاک
وقتِ اشاعت : September 22 – 2014