|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں وہیر کے مقام پر اورناچ سے سوراب جانے والی شہزور گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے ۔زخمی اور جاں بحق افراد کو سول اسپتال خضدار پہنچایا گیا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد کی شناخت محمد ہاشم ولد شمس الدین قلندرانی سکنہ اورناچ اور ان کی بیٹی شہزادی کی شناخت ہوئی ہے۔ جبکہ ضلع کچھی کی تحصیل مچھ میں کوئٹہ سے لاڑکانہ جانے والی گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے میں ایک شخص محبوب علی ولد شیر محمد جاں بحق جبکہ مولا بخش ابڑو اور محمد یوسف زخمی ہوگئے۔ضلع نوشکی کے علاقے کلی قادر آباد کے قریب انام بوستان روڈ پر موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں جمیل احمد ولد نظر محمد ساکن کلی صاحبزادہ جاں بحق جبکہ عبدالحمید ولد عبدالنبی مینگل ساکن بیدی ڈاک اور امین اللہ ولد اسرائیل محمد حسنی ساکن کلی قادر آباد شدید زخمی ہوگئے ۔ دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے سریاب میں گاہی خان چوک کے قریب تیز رفتارٹرک نے رکشے کوٹکرماردی جس کے نتیجے میں دوخواتین نورالنساء بی بی اوربی بی حمیدہ زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو بولان میڈیکل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جبکہ جعفرآباد کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ڈیرہ اللہ یار میں گدھا گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں پولیس انسپکٹر کریم بخش زخمی ہوگیا۔