|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2014

نیویارک: خوشی ایک ایسی چیز ہے جس کا مل جانا انسان کے لئے کسی انمول تحفے سے کم نہیں اورآج ہم  آپ کو بتا رہے ہیں وہ 7 آسان اور سستے ترین طریقے جنہیں اختیار کر کے آپ نہ صرف خوش رہ سکیں گے بلکہ ایک صحت مند زندگی بھی گزار سکیں گے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر انسان کو نوکری میں ترقی ملنے، شادی ہونے اور اولاد کی پیدائش جیسے مواقعوں سے انتہائی خوشی ملتی ہے تاہم یہ خوشی عارضی ہوتی ہے اور یہ مواقع دیرپا اور گہری خوشی فراہم نہیں کرتے اورنہ ہی یہ حقیقی خوشی کا نعم البدل ہوتے ہیں لیکن مندرجہ ذیل سات طریقے ایسے ہیں جن کو اختیار کرکے آپ حقیقی خوشی کا حصول ممکن بنا سکتے ہیں۔ اپنے رویے کو تبدیل کریں: خود کو مثبت سوچ کا حامل بنائیں اور کسی بھی واقعے کے مثبت پہلوپرنظر رکھیں جب کہ تحقیق کےمطابق ایسے لوگ جو مثبت سوچ رکھتے ہیں اور خوش نظر آتے ہیں انہیں دل کے دورے اور اسٹروک کا خطرہ 50 فیصد کم ہو جاتا ہے،  ریسرچ کے مطابق جو لوگ منفی سوچ رکھتے ہیں انہیں 3 گنا زیادہ صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جو لوگ خوش ہیں ان سے خوش رہنا سیکھیں: دنیا میں سب سے زیادہ خوش رہنے والے ڈنمارک کے شہری ہیں اور 1973 سے لے کر اب تک خوش رہنے والے لوگوں میں ڈینش سب سے آگے ہیں، ایک  ریسرچ کے مطابق اس کی بڑی وجہ تو بہترین تنخواہیں، محفوظ زندگی اور کرپشن کا کم ہونا ہے تاہم ایک مضبوط معاشرتی نظام  اس کی ایک بڑی وجہ ہے، اقوام متحدہ کی ورلڈ ہیپینس رپورٹ کے مطابق ڈنمارک کے لوگ ایک دوسرے کی خوشی کو بانٹتے ہیں اور خوش رہتے ہیں۔ کام کا بوجھ کم کریں: ریسرچ کے مطابق ڈینش کام اور آرام میں توازن رکھتے ہیں اور کام کی زیادتی سے دوررہتے ہیں، ڈنمارک میں لوگ اوسطاً ہفتے میں 33 گھنٹے کام کرتے ہیں جب کہ صرف 2 فیصد لوگ 40 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ ڈینش اپنے وقت کو اپنے خاندان، دوستوں اور کمیونٹی کلب میں اس طرح تقیسم کرتے ہیں کہ زندگی میں ایک توازن آجاتا ہے جس سے زندگی خوشی کی شاہراہ پر گامزن رہتی ہے۔ تجربات پر توجہ رکھیں: ڈنمارک کے لوگوں کی زندگی کے مطالعہ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ لوگ اپنی بہت کم توجہ جدید موبائل، کاروں اور جائیداد جیسی چیزوں پر دیتے ہیں بلکہ اس کے مقابلے میں وہ تجربات کو اہمیت دیتے ہیں جس سے ان کو دیرپا اطمینان حاصل ہوتا ہے، ریسرچ کے مطابق جو تجربات کو اہمیت دیتے ہیں ان میں ہر وقت زندگی موجود رہتی ہے کیونکہ تجربات انسان کو دوسرے انسانوں کے قریب کردیتے ہیں جو آپ کی خوشیوں کو بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔ اچھے دوست بنائیے: ریسرچ کے مطابق دوست کا نہ ہونا زندگی میں کمی کا باعث بنتا ہے جب کہ تنہائی اور ڈپریشن میں اضافہ صحت کے مسائل بڑھانے کا باعث بنتی ہے، ایک اچھا قریبی دوست آپ کی خوشیوں اور صحت کو بڑھانے میں مددگار ہوتا ہے۔ خدمت کا جذبہ رکھیں: لاتعداد ریسرچ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ وہ لوگ جو اپنے دل میں دوسروں کے لیے خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں وہ زیادہ خوش رہتے ہیں ان لوگوں کے مقابلے میں جو خدمت کرنے سے گریز کرتے ہیں، ڈنمارک میں 43 فیصد لوگ اپنے لوگوں کی بھر پور مدد کرتے ہیں جبکہ25  فیصد امریکیوں میں بھی یہ جذبہ موجود ہے جب کہ محقیقین کا کہنا ہے کہ بچوں میں یہ جذبہ کہیں زیادہ ہوتا ہے، دوسروں پر خرچ کرنا اور ا ن کی خدمت کرنا انسان کی خوشی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ زیادہ مسکرائیں: تحقیق کےمطابق ہنسنا یا مسکرانا خوشی نہیں لیکن خوشی کو تخلیق کرتا ہے، جب ہم مسکراتے ہیں تو غم اور اسٹریس کے ہارمونز میں کمی آجاتی ہے جبکہ’’اینڈورفینز ‘‘بڑھنےلگتا ہے، یہ برین کیمیکل ہوتے ہیں جو عام طور پر ورزش کے نتیجے میں حاصل ہوتے ہیں، ایک اور تحقیق کےمطابق ہنسنے سے دل کا دورہ بھی کم ہوجاتا ہے اور جو لوگ روزانہ مسکراتے ہیں ان میں سے صرف 8 فیصد کو دل کا دوسرا دورہ پڑتا ہے اور جو لوگ مسکرانے سے پرہیز کرتے ہیں ان میں سے 42 فیصد کو دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ہمارا تو آپ کو مشورہ ہے کہ زندہ دلی ہے اسی کا نام لہٰذا ان باتوں پر عمل کیجئے اور خوش رہئے، آپ خوش تو  معاشرہ خوش اورمعاشرہ خوش تو سارا پاکستان خوش ،تو پھر وعدہ کریں کہ خوش رہنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے ’’خوش رہئے یہی ہے ہماری دعا‘‘۔