|

وقتِ اشاعت :   September 26 – 2014

اسلام آباد: پاکستان نے ملٹی ٹیوب میزائل حتف نائن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ جدید خصوصیات کے حامل میزائل کے تجربے کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حتف 9 کے 4 میزائل ٹارگٹ پر داغے گئے جو کامیاب رہے۔ ملٹی ٹیوب میزائل اسٹیٹ آف آرٹ کا شاہکار ہے اور اس کی رینج ساٹھ کلومیٹر تک ہے۔ اس کی ایک اور خاص بات اس کا تیز رفتار رسپانس سسٹم ہے جو موجودہ حالات میں پاکستان کے دفاعی سسٹم میں ایک اہم اضافہ ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان ہر قسم کے سیکورٹی خطرات کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو جائے گا۔ اس موقع پر جنرل راشد محمود کا کہنا تھا کہ اس میزائل کے کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مضبوط ہوگی۔چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل راشد محمود، ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود، چئیرمین نیسکام اور دیگر اعلٰی عسکری قیادت نے میزائل کا تجربہ دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے مسلح افواج اور پاکستان کے دفاعی اثاثہ جات بھرپور اہلیت کے حامل ہیں۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئیرز کو مبارکباد دی ہے۔