|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2014

فرینکفرٹ (نمائندہ خصوصی ) بلوچ ری پبلکن پارٹی جرمنی کی جانب سے فرینکفرٹ میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بلوچستان میں جاری کاروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ بی آر پی کی جانب سے منعقد ہونے والے مظاہرے میں بلوچ نیشنل موومنٹ کے کارکنان اور بلوچ کمیونٹی اورکْرد کمیونٹی کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔بی آر پی کے اعلامیے کے مطابق کارکنوں نے لوگوں کو بلوچستان کے حالات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے ہاتھوں میں بیننرز اورپلے کارڈ اٹھارکھے تھے اور بلوچ رہنماؤں اور شہدا ء4 کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ کارکنوں سے بلوچ ری پبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز بلوچستان کے طول و عرض میں مختلف کاروائیوں کے دوران بے گناہ اور معصوم بلوچوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بلوچ کارکنان کی اغواہ نما گرفتاریاں اور مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ان تمام مظالم میں بین الاقوامی برادری سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ بی آر پی جرمنی چیپٹر کے صدر اشرف شیرجان بلوچ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے اپیل کی وہ کہ بلوچستان میں جاری کاروائیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بلوچ قوم کی نسل کشی کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔