|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2014

پشاور: کالعدم پاکستان تحریک طالبان سے جڑے شدت پسند گروپ جماعت الحرار نے واہگہ بارڈر پر حملہ کرنے والے مبینہ خود کش بمبار کی تصاویر جاری کر دیں۔ 25 سالہ حملہ آور کی شناخت حنیف اللہ عرف حمزہ کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق افغان سرحد سے ملحقہ مہمند ایجنسی سے بتایا جاتا ہے۔ ٹی ٹی پی جماعت الحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حنیف اللہ نے ہی واہگہ بارڈر پر منعقدہ تقریب کے اختتام پر حملہ کیا تھا۔
 مبینہ خودکش بمبار کی تصویر
مبینہ خودکش بمبار کی تصویر
انہوں نے مزید دعوی کیا کہ وہ حملہ کی وڈیو بھی جاری کریں گے۔ احسان اللہ کے مطابق، یہ حملہ ‘طالبان اور قبائلیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کا ردعمل تھا’۔ یاد رہے کہ دو نومبر کو واہگہ بارڈر پر پریڈ کے داخلی راستے پر ہوئے اس تباہ کن حملے میں تین رینجرز اہلکاروں، دس خواتین اور سات بچوں سمیت 60 افراد ہلاک جبکہ 110 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔ حملہ کے کچھ دیر بعد ایک اور دہشت گرد تنظیم جنداللہ نے ذمہ داری قبول کی تھی تاہم احسان نے ایک بیان میں اس دعوی کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کچھ دوسرے گروپس نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے، لیکن ان کے دعوے بے بنیاد ہیں۔