راولپنڈی: افغان صدر اشرف غنی نے جنرل ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خاتمے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا، افغان صدر اشرف غنی کو جی ایچ کیو میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے جبکہ افغان صدر نے آرمی چیف کے ہمراہ یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی جس میں افغان وزیر دفاع بسم اللہ محمدی، افغان چیف جنرل اسٹاف جنرل شیر محمد کریمی سمیت سینئر افغان دفاعی حکام شامل تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی ملاقات میں شریک تھے۔
آرمی چیف اور افغان صدر کی اس اہم ملاقات میں اشرف غنی کو پاک افغان سرحدی سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اس دوران افغان صدر کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پاکستان سے سکیورٹی ، دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور سرحدی انتظام اورتربیت کے شعبوں میں بھی تعاون درکار ہیں جبکہ خطے سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے مکمل تعاون کریں گے۔