کوئٹہ: صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ میر اظہار حسین کھوسو نے کہا ہے کہ صوبے میں اس طرح کے میلوں کے انعقاد سے یہاں کے لوگوں کو تفریح کے مواقع میسر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوائے سکاؤٹس ہیڈکوارٹر میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام اور بے نظیر ویمن سینٹرکے تعاون سے تین روزہ ویمن فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر ماہی گیری محمد اکبر اسکانی، رکن صوبائی اسمبلی محترمیہ راحیلہ درانی، سیکریٹری ویمن ڈیولپمنٹ حیدرعلی شکوہ، پرائیویٹ سیکٹرز کے نمائندوں اور مختلف اسکولوں اور کالجز سے آئے ہوئے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں اسی طرح کے ویمن فیسٹیول کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ خواتین،طالبات اور بچے ان سے بھرپور استفادہ کرکے آگاہی، شعور اور اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکیں۔ اس تین روزہ خواتین فیسٹیول کا مقصد خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے کیونکہ بلوچستان میں دوسرے صوبوں کے نسبت خواتین میں تعلیم کی شرح بہت کم ہے کیونکہ صوبے کے دیہی علاقوں کے لوگ بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ نہیں دیتے۔ اسلام میں عورتوں کا مقام بہت اہم ہے ہمیں چاہئے کہ ہم خواتین کو وہ درجہ دیں جو اسلام نے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ اور اس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے میلے میں مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا۔ میلے میں ملی نغموں، تقاریر اور ڈراموں میں پوزیشن پانے والوں میں شیلڈ تقسیم کی گئیں۔ میلہ 17نومبر تک جاری رہے گا جس میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے اور ان کا داخلہ مفت ہے۔
کوئٹہ میں ویمن فیسٹیول کا انعقاد
وقتِ اشاعت : November 15 – 2014