|

وقتِ اشاعت :   November 17 – 2014

پشاور: بنوں کے ایک اسکول میں طالب علم اپنے بیگ میں موجود دستی بم کے پھٹنے سے زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او تھانہ سٹی کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول نمبرایک بنوں سٹی کا نویں جماعت کا طالب علم سلیمان اپنے ساتھ بیگ میں دستی بم لایا تھا۔ بم کا ڈیٹونیٹر پھٹنے سے طالب علم خود ہی معمولی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے طالب علم کو زخمی حالت میں حراست میں لے کر تھانے متنقل کردیا۔ تھانہ سٹی کے ایس ایچ اوکا کہنا ہے کہ مذکورہ طالب علم سے تفتیش کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں طالب علم کے اہلِ خانہ کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گیا تاکہ اس بات کا علم ہوسکے کہ آیا یہ دستی بم طالب علم نے تخریب کاری کی غرض سے خریدا تھا یا اِس کے پیچھے کچھ اور معاملہ تھا۔
چارسدہ: مکان پر دستی بم حملہ، 4 افراد زخمی
چارسدہ کے علاقے شبقدر میں مبینہ شرپسندوں کی جانب سے ایک مکان پر دستی بم حملے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شبقدر کے گاؤں کتوزئی میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان ایجنسی کے علاقے شکئی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ایک دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم دھماکے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔