کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کے معیارزندگی کو بہتر بنانے کے لیے مواصلات، زراعت اور کانکنی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ورنرلیپج (Mr. Werner Liepach)کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور ماہر معاشیات قیصر بنگالی بھی موجود تھے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو رہی ہے اگر اس کے تدارک کے لیے بروقت اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو صوبے کا بڑے علاقے میں زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح کو برقرار رکھنے اور بارش کے پانی کو محفوظ اور کاشتکاری کے لیے استعمال میں لانے کے لیے بلوچستان میں 2سو مقامات پر چھوٹے بڑے ڈیمز بنائے جا سکتے ہیں جبکہ صوبائی حکومت وسائل کی کمی کے باعث مذکورہ منصوبے پر عملدرآمد نہیں کر سکتی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں معدنیات اور کانکنی کے شعبے میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، کانکنی کے شعبے کی ترقی اور اس میں سرمایہ کاری سے عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ان کا معیار زندگی بہتر ہوگا، گوادر پورٹ سے استفادہ کرنے اور علاقے کی ترقی کے لیے گوادر بندرگاہ کو صوبے اور ملک کی قومی شاہراہوں کے ساتھ منسلک کرناناگزیر ہے، سڑکوں کی تعمیر کے بغیر گوادر بندرگاہ کے قیام کے مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سڑکوں، ڈیمزاور کانکنی کے شعبوں میں بہتری لائے بغیر پسماندگی ، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، عوام کا معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومت کو عالمی امدادی اداروں کے خصوصی تعاون کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کی بہتری کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے والے منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صوبے میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو رہی ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان
وقتِ اشاعت : November 19 – 2014