|

وقتِ اشاعت :   November 20 – 2014

لندن: ایک نئی تحقیق سے یہ دلچسپ اور حیرت انگیز بات سامنے آئی ہے کہ موٹے لوگ نہ صرف اپنی صحت اور خاندان کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہچانے کے ذمہ دار ہیں اور یہ نقصان سگریٹ نوشی سے پہنچنے والے نقصان سے کسی طور پر کم نہیں۔ دی میکنیسے گلوبل انسٹی ٹیوٹ برطانیہ نےاپنی تحقیق میں دعویٰ کیا ہے کہ موٹاپے سے صرف برطانوی معیشت کو سالانہ 47 ارب پاؤنڈ کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے جو سگریٹ نوشی اور اور ماحولیات تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے برابر ہے۔ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں 2 ارب 10 کروڑ افراد موٹاپے کا شکا رہے جو کہ پوری دنیا کی آبادی کا 30 فیصد بنتا ہے۔ ماہرین کے مطابق موٹاپے پر قابو پانے کے لیے فوری طور ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جو انفرادی نہیں بلکہ حکومتی سطح پر کیے جانے چاہیئں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگرمناسب اقدامات نہ کئے گئے تو 2030 تک نصف دنیا موٹاپے کا شکار ہوجائے گا جو معیشت پر مزید بوجھ کا باعث بن سکتی ہے، رپورٹ کے مطابق موٹے لوگ عام طور پر کام میں کاہلی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس سے کام سست روی کا شکار ہوکر معیشت کو بھی سست کردیتا ہے، اسی طرح موٹاپے سے پیدا ہونے والی بیماریوں پر بھی اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر مناسب اقدامات کئےجائیں تو برطانوی معیشت کو ہیلتھ سروسز پر خرچ کی مد میں سالانہ 76 کروڑ پاؤنڈز کی بچت ہوسکتی ہے، اس کے لیے ہائی فیٹس اور ہائی شوگر پیدا کرنے والی اشیا پر ٹیکس بڑھا دینا چاہئے اور اور ساتھ ہی عوامی رابطہ کار مہم شروع کی جائے۔ اس کے علاوہ ویٹ مینجمنٹ پروگرام اور دفاتر میں فٹنس اسکیمز شروع کی جائیں، رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موٹاپا بحران کے اسٹیج پر پہنچ گیا ہے اس لے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے چیف نیوٹریشنسٹ ڈاکٹر ایلیسن کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ موٹاپے پر بحث کے لیے اہم اضافہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹاپے پر قابو پانے کے لیے صرف سادہ تعلیم یا موبائل پر پیغام بھیج دینا اس پر قابو پانے کے لیے کافی نہیں۔ موٹاپا کسے کہتے ہیں ؟ عموماً اس شخص کو موٹا شمار کیا جاتا ہے جس میں فیٹس کی تعداد ہائی ڈگری پر پہنچ جائے، اس کو چیک کرنے کا آسان ترین طریقہ باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی)  ہے جس سے آپ اپنا وزن کلو گرام میں کریں اور اس کواپنے قد کی لمبائی ان میٹر سے تقیسم کردیں اگر بی ایم آئی 25 سے زیادہ ہے تو آپ وزن کی زیادتی کا شکار ہیں جب کہ اگر بی ایم آئی 30 اور 40 کے درمیان ہے تو یہ انتہائی خطرناک ہے اور آپ موٹا پےپن کا شکار ہو چکے ہیں لہذا فوری وزن کم کرنے کی فکر کریں۔