واشنگٹن: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی سینیٹ کی آرمز سروسز کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی سینیٹ کی آرمز سروسز کمیٹی کے اراکین سینیٹر رابرٹ مینینڈس اور رابرٹ کروکر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور پیشہ ورانہ امور سمیت خطے میں دہشت گردی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دہشت گرد دوبارہ اپنا کیمپ پاکستان میں فعال نہیں کر سکیں گے۔
اس موقع پر امریکی سینیٹ کے ممبران نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کا کمانڈر اینڈ کنٹرول اسٹرکچر تباہ کر دیا ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ طویل المعیار شراکت داری اور تعلقات چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور دیگر سفارتکاروں سے بھی ملاقات کی۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں پر وہ امریکا کے اعلی عسکری اور سیاسی حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف
وقتِ اشاعت : November 20 – 2014