|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2014

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے متعدد بلوچ آبادی والے علاقوں میں بلوچ قوم پرست رہنما نوابزادہ بالاچ مری کی ساتویں برسی پر جمعے کو شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی۔ اس ہڑتال کی کال بلوچ ورنا موومنٹ اور بعض دیگر بلوچ قوم پرست تنظیموں نے دی تھی۔ نامہ نگار محمد کاظم نے بتایا کہ ہڑتال کی کال کے باعث بلوچستان کے قلات اور مکران ڈویژن کے اکثر شہروں کے علاوہ بعض دیگر علاقوں میں بھی کاروباری مراکز بند رہے۔ نوابزدہ بالاچ مری بلوچ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری (مرحوم) کے صاحبزادے تھے۔ انھوں نے روس سے انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ بالاچ مری 2002 کے عام انتخابات میں اپنے آبائی علاقے کوہلو سے بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ تاہم صوبے میں حالات کی خرابی کے باعث حلف اٹھانے کے بعد بالاچ مری اسمبلی کے کسی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ سنہ 2005 میں کوہلو میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دورے کے موقع پر راکٹ حملوں کے بعد آپریشن شروع ہونے کے باعث انھوں نے پہاڑوں کا رخ کیا تھا۔ حکام کی جانب سے یہ الزام عائد کیا جاتا رہا کہ وہ بلوچستان میں مسلح کارروائی کرنے والی تنظیم کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کی قیادت کررہے تھے۔ 21 نومبر سنہ2007ء کو نوابزادہ بالاچ مری ایک مبینہ فوجی آپریشن کے دوران مارے گئے۔ دوسری جانب ان کی برسی سے ایک روز قبل کوئٹہ شہر کے قریب دشت کے علاقے میں ریلوے ٹرین پر بم حملے کے بعد ٹریک کی عدم بحالی کے باعث جمعے کو کوئٹہ اور دیگر شہروں کے درمیان ریل سروس معطل رہی۔