اسلام آباد: پاکستان اور روس نے دفاعی شعبےمیں تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کردیئے جسے پاکستان کی جانب دونوں ممالک کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان اور روس کے وزرائے دفاع نے دونوں ممالک کےدرمیان دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کردیئے جسے وزیر دفاع خواجہ آصف نے دونوں ممالک کے درمیان ایک سنگ میل قرار دیا جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ روس کے وزیر دفاع بہت اہم موقع پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، روس خطے کا انتہائی اہم ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دفاعی معاہدے سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ دونوں ممالک کو خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے میں مدد ملے گی، ہم پاکستان اور روس کے درمیان مضبوط و مستحکم تعلقات، علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دیں گے اس موقع پر روسی وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روس خطے میں بحران کا پر امن حل چاہتا ہے اور ہمارا اگلا اقدام دونوں ممالک کی بحری فوجوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب روس کے وزیر دفاع نے وزیراعظم نوازشریف سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور روس کے درمیان دفاعی تعاون کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا
وقتِ اشاعت : November 21 – 2014