کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں سائیکل بم دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گیا۔ جبکہ قلات میں سینئر صوبائی وزیر ثناء اللہ زہری کے گھر کے قریب راکٹ حملہ جبکہ پنجگور میں سرکاری تعمیراتی ادارے کے کیمپ پر فائرنگ کی گئی تاہم کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں سریاب روڈ پر تھانہ نیو سریاب کی حدود میں سریاب مل کے قریب اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے ایف سی کی گاڑیاں گزر رہی تھیں۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کی گاڑی سمیت دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ جبکہ ایک ایف سی اہلکار گل طاعوز زخمی ہوگیا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور فورسز نے علاقے کو گھیرے لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق چار سے پانچ کلو گرام دھماکا خیز مواد سائیکل پر نصب کیاگیا تھا۔ ادھر ضلع قلات کے علاقے انجیرہ میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اور سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ زہری کے آبائی گاؤں پر پر راکٹ داغا گیا جو نواب زہری کے گھر سے تقریباً دو کلو میٹر کے فاصلے پر کھلے میدان میں گرا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر پنجگور میں واقع فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کریش پلانٹ پر فائرنگ کی گئی جس کے جواب میں سیکورٹی اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
قلات : ثناء اللہ زہری کے گھر کے پر راکٹوں سے حملہ ،کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا
وقتِ اشاعت : November 21 – 2014