کابل: افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے اتوار کو والی بال میچ میں خودکش دھماکے اور اس میں 57 افراد کی ہلاکت کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد کیا ہے۔
نیشنل سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان حسیب صدیقی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں جن سے یہ ثابت ہوتاہے کہ پکتیکا میں ہونے والے حملے میں حقانی نیٹ ورک ملوث تھا۔
اتوار کو مشرقی افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں والی بال میچ کے دوران خود کش دھماکے میں کم از کم 57 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے تھے۔
تین مقامی ٹیموں کے درمیان ہونے والے والی بال ایونٹ کے دوران ہونے والے دھماکے میں بڑی تعداد میں بچے بھی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ یہ دھماکا ایک ایسے وقت میں ہوا جب گزشتہ روز افغان پارلیمنٹ نے امریکا سے دوطرفہ سیکیورٹی معاہدے کے ساتھ ساتھ نیٹو سے بھی علیحدہ معاہدے کی منظوری دی تھی۔
دھماکے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں سے ایک بار پھر افغان سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے جو ملک میں اکثر مقامات پر مرکزی سطح پر سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال چکی ہے۔
افغانستان: پکتیکا دھماکے کا الزام حقانی نیٹ ورک پر عائد
وقتِ اشاعت : November 24 – 2014