|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2014

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ناگزیر ہے، آئی ٹی نظام سے کوئٹہ شہر کو دہشت گردی اور سنگین جرائم سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے متعلق بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ، اطلاعات ، قانون و پارلیمانی امور عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) علی ظہیر ہزارہ، پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، قائمقام آئی جی پولیس احسن محبوب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی دارلحکومت کی سیکورٹی کے سلسلے میں شہر کے چھ مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں اور مشکوک افراد کی نگرانی اور شہر کے مختلف اور حساس مقامات پر ایک ہزار چار سو چودہ (1414) جدید کیمرے نصب کئے جائیں گے، جس کے نتیجے میں شہر میں کسی بھی مشکوک شخص، گاڑی اور دیگر مشکوک اشیاء کو کنٹرول روم میں نصب جدید نظام کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، اجلاس کو بتایا گیا کہ کیمروں کو پی ٹی سی ایل (PTCL) کے علاوہ وائرلیس نظام جبکہ بجلی کی بندش کی صورت میں شمسی نظام سے فعال رکھا جائے گا، جبکہ کیمروں کے ذریعے تمام گاڑیوں کے نمبر اور ان میں بیٹھے افراد کی بھی شناخت کی جا سکے گی اور مشکوک گاڑی، اشخاص اور اشیاء کی کیمروں کے خود کار نظام کے تحت نشاندہی بھی کی جائے گی، اس کے علاوہ صوبائی دارلحکومت کے داخلی راستوں پر گاڑیوں کے اندر موجود اشیاء کی جانچ پڑتال کے لیے ایکسرے مشین نصب کی جائیں گی جن کی مدد سے ان میں موجود اشیاء کو دیکھا جا سکے گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ کیمروں کے جدید نظام کی نگرانی کے لیے دو مختلف مقامات پر مانیٹرنگ سینٹر قائم کئے جا رہے ہیں اور اس کے علاوہ پولیس کی گاڑیوں میں بھی اسکرین لگائی جائیں گی تاکہ ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران بھی صورتحال کا جائزہ لے سکیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک جرائم کی روک تھام کے لیے اس نظام سے استفادہ کر رہے ہیں، اتصالات ایڈوائزری بزنس ڈویلپمنٹ کے ٹیم ممبر سمیر اجاوی نے اجلاس کو بتایا کہ ان کی کمپنی ابوظہبی میں ایسے منصوبوں کو کامیابی سے چلا رہی ہے اور اس ضمن میں ان کے ساتھ وسیع تجربہ اور مہارت موجود ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دور حاضر میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقیاتی یافتہ ممالک نے استفادہ کرتے ہوئے اپنے عوام کو تحفظ فراہم کیا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور دہشت گردی میں اضافے کا مقابلہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی ممکن ہے، وزیر اعلیٰ نے سختی سے ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کو نہ صرف کارآمد اورموثر بنانے مستقل کارکردگی کو دیرپا بنانے کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے تمام مراحل شفاف طریقے سے اس طرح پائیہ تکمیل تک پہنچائیں کہ آئندہ اس اہم منصوبے پر کوئی تنقید نہ کر سکے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے جرائم اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام میں کافی مدد ملے گی۔