اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔
پیر کو وائس آف امریکا سے ایک انٹرویو میں عزیز کا کہنا تھا کہ پاک-امریکا اسٹرٹیجک اور معاشی تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری 2015 کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عزیز نے بتایا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے سیاسی، معاشی اور سیکورٹی تعلقات کا خواہاں ہے۔
‘ افغانستان میں نئی حکومت قائم ہونے کے بعد اچھے تعلقات کا عمل شروع کیا جا چکا ہے’۔
انہوں نے بتایا کہ افغان صدر اشرف غنی پاکستان کے ساتھ اعتماد کی بحالی اور کثیر الجہتی تعلقات کے خواہش مند ہیں۔
‘ان کا دورہِ پاکستان بہت کامیاب اور توقعات سے کہیں زیادہ سود مند رہا’۔
عزیز کے مطابق دونوں پڑوسی ملک سرحد پر سیکورٹی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے طریقہ کار پر رضامند ہو چکے ہیں۔
‘اس فیصلہ کے مستقبل قریب میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔’
عزیز کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کا نیا مرحلہ شروع ہو چکا۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے ساتھ سرحد پر تناؤ کی وجہ سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا۔
‘اس آپریشن کی کامیابی عالمی برادری کے مفاد میں ہے’۔