لاہور: چیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 30 نومبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ جلسے میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلزپارٹی نے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں بھرپور سیاسی قوت کے مظاہرے کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے میں شرکت نہیں کریں گے جس کے بعد جلسے کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں۔
پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم چاہے کچھ بھی ہوجائے 30 نومبر کو لاہور میں یوم تاسیس کا جلسہ ہوگا اور بلاول بھٹو کی عدم موجودگی کی صورت میں پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اگر آصف زرداری نے بھی جلسے میں شرکت سے معذرت کی تو پارٹی کی مقامی قیادت جلسے کا انعقاد کرے گی۔