کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع کوہلو میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔ آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف سی ترجھمان کے مطابق فرنٹےئر کور کی میوند رائفلز نے کالعدم تنظیموں کے ارکان کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع کوہلو کی تحصیل کاہان کے پہاڑی علاقے سورز میں علی الصبح سرچ آپریشن شروع کیا ۔ اس دوران خفیہ ٹھکانوں میں چھپے ہوئے مورچہ زن نا معلو م مسلح افرا دنے سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر فرنٹےئر کور کے اہلکاروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائر نگ کی دونوں جانب سے شدید فائر نگ کے تبادلے کے دوران مو رچہ زن تسلسل کے ساتھ خود کار جدید آتشی اسلحہ ،راکٹ لانچر اور ہینڈ گرنیڈ فرنٹےئر کور کے اہلکاروں کے خلاف استعمال کرتے رہے تاہم فرنٹےئر کور کے اہلکاروں نے مردانہ وارمقابلہ کرتے ہوایک حملہ آ ور کو ہلاک اور متعدد کو موقع سے گرفتار کر لیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت گل باران مری کے نام سے ہوئی ہے۔ جبکہ کارروائی میں فرنٹئیر کور کے2اہلکارحوالدار گل ضمیر خان اور نائیک عبدالجبار بھی زشدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ سی ایم ایچ اسپتال لایا گیا جہاں نائیک عبدالجبار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔جبکہ دوسرے زخمی گل ضمیر خان کو پیٹ میں ایک گولی لگی ہے اور ان کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز کی سپلائی اور رسد کے لئے ہیلی کاپٹر ز بھی استعمال کئیے گئے۔ہلاک اور گرفتار ہونے وا لے کا لعد م تنظیم کے مسلح افراد کے قبضے سے بر آمد کئے جانے والے اسلحہ میں خود کار ہتھیار،راکٹ لانچرز،بارودی مواد،آئی ای ڈیز اور بھاری مقدار میں ڈیٹونیٹرز شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ افراد ٹرین وسیکورٹی فورسز پر حملے، گیس پائپ لائنوں کو اُڑانے اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجازشاہد نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا شدت پسند اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔مزید برآں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ بلوچستان کو پر امن اور مثالی صوبہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگااور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب صوبے بھرسے دہشتگردوں اورتخریب کاروں کا قلع قمع کردیاجائے گا۔
کوہلو :فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی
وقتِ اشاعت : November 27 – 2014