|

وقتِ اشاعت :   November 28 – 2014

کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہاہے کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے بہت بڑا صوبہ ہے اور اسکی سرحدیں افغانستان اور ایران سے ملتی ہیں جسکی وجہ سے ہمسایہ ممالک سے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے تاہم صوبے میں اندرونی سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی طرف سے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اس حوالے سے صوبائی حکومت کو قانون نافذ کرنے والے وفاقی اداروں کا تعاون بھی حاصل ہے جس سے صوبے کی امن و امان کی صورتحال میں مثبت تبدیلی نظر آرہی ہے ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقا ت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری علی ظہیر ہزارہ، سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی،سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ پچھلے کچھ برسوں میں اغوا ء برائے تاوان ، ٹارگٹ کلنگ کی کاروائیوں کے حوالے سے صورتحال مخدوش تھی اور شاہراہوں پر رات کے وقت لوگوں کا سفرکرنا انتہائی مشکل تھا۔تاہم اب صوبائی حکومت اور فرنٹئیر کور کی مشترکہ کوششوں سے حالات میں کافی حد تک بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آپریشن ضرب عضب کی کامیا بی سے مجموعی طور پر ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ میں حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق د اعش کا کوئی وجود نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچ ر ہنماوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے مذاکرات صوبائی حکومت کے ایجنڈے کا حصہ ہے انہوں نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج پرعملدر آمد سے حا لات کافی بہتر ہوئے ہیں اورصوبائی حکومت وفاق سے بھی مسلسل رابطے میں ہے کہ بلوچستان کو اس کا حق دیا جائے جس سے حالات میں مزید بہتری آئیگی چیف سیکر یٹری نے کہا کہ ہم سب ملکر پرامن اور خوشحال بلوچستان کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صرف ریکوڈک میں پچپن بلین امریکی ڈالر زکے ذخائر موجود ہیں ان سے استفادہ کرنے سے ملک اور صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی۔ میگا پراجیکٹس کے حوالے سے چیف سیکر یٹری نے بتایا کہ گو ادر تا کاشغر شاہراہ پر کام تیزی سے جاری ہے اوریہ منصوبہ اگلے سال دسمبر میں مکمل ہو جائیگا جبکہ گوادر بندرگاہ کا انتظام کو جلد چین کے حوالے کیا جائیگا انہوں نے بتایا کہ گوادر میں کوئلے سے 350MW بجلی کا پاور پلانٹ اور پسنی فش ہاربرکی مرمت و توسیع اہم منصوبے ہیں عنقریب دونوں منصوبوں پر کام شروع کیا جائیگا ان منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان ترقی کی نئی منازل طے کریگا۔انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت ہے کہ صوبے سے کرپشن جیسے ناسور پر قابو پانے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائینگے اس کیلئے اینٹی کرپشن کے محکمے کو پوری طرح فعال کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی آفیسربدعنوانی کا مرتکب پایا گیاتو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی اس حوالے سے بعض کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں بہت سے تر قیاتی کام کئے ہیں اور حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔