کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو سمیت دیگر مہلک بیماریوں اور منشیات کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اس سلسلے میں عوام ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے افراد کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا ، منشیات کی روک تھام کے لئے انٹی نارکوٹکس کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہے بہتر کارکردگی پر ایوارڈز دیئے جانے کا سلسلہ ہونا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں ایوارڈز کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں مختلف شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے والے افراد کو ایوارڈز دینے کی روایت قائم ہونی چاہیے حکومت خدمت خلق فاؤنڈیشن کا ہر ممکن مدد کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں منشیات نوجوان نسل کے لئے زہر قاتل ناسور بن چکا ہے عالمی اداروں کے مطابق پاکستان اور خاص کر بلوچستان میں نارکوٹکس کا استعمال بہت زیادہ پیمانے پر ہورہا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز حکومتی سطح پر تفصیلی بحث ومباحثہ ہوا ہے ہم ذمہ داری لے چکے ہیں نارکوٹکس کے استعمال کی روک تھام کے لئے ڈاکٹر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس کاروبار میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں کیونکہ یہ ہمارے لئے طعنے کا باعث بن رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ، سول سوسائٹی کے افراد اور سیاستدانوں کو اس قومی مسئلے پر توجہ دینا ہوگی حکومت پہلے ہی اس سلسلے میں نوٹس لے چکی ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے میں ایمونائزیشن خطرناک حد تک کم ہے پولیو ورکرز پر حملہ کرکے کوشش کی گئی کہ ہمارے حوصلے پست ہو مگر ایسا نہیں ہوگا بلکہ اس سلسلے میں کام بدستور جاری رہے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائے اور پولیو قطرے پلائیں تاکہ مستقبل کے معمار محفوظ رہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی مدد سے اتحادی حکومت مہلک امراض اور منشیات کو کنٹرول کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے تقریب ایوارڈ میں میجر جلال الدین شہید ، سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ منصور کاکڑ شہید ، محمد نسیم لہڑی ، نصیب اللہ بازئی ، ہوم سیکرٹری اکبر حسین درانی ، ڈاکٹر کلیم اللہ ، حاجی اللہ نور داوی ، شفیق احمد خان ، رضا الرحمن ، باز محمد کاکڑ ، ڈاکٹر غلام رسول ، اسلامک ہینڈ کے صاحبزادہ ضیاء محمود شاہ ، محمد ایوب بابئی ، اکرام اللہ بازئی اور پشتونخوا میپ کے محمد عثمان خان کاکڑ سمیت دیگر میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔
اپنے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائے اور پولیو قطرے پلائیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان کی عوام سے اپیل
وقتِ اشاعت : November 29 – 2014