|

وقتِ اشاعت :   November 30 – 2014

فرگوسن: امریکا میں سیاہ فام نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے پولیس اہلکار نے ملک بھر میں مظاہروں کے باعث ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 28 سالہ پولیس اہلکار ڈیرن ولسن کے وکیل کا کہنا تھا کہ ڈیرن 9 اگست کو پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد انتظامی چھٹی پر تھے جبکہ انہیں گرینڈ جیوری کی جانب سے بے گناہ بھی قرار دے دیا گیا تھا لیکن انہوں نے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ عدالتی فیصلے کے خلاف ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں اور جھڑپوں کے باعث کیا۔ واضح رہے کہ ڈیرن ولسن نے رواں سال اگست میں 18 سالہ سیاہ فام نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا تاہم گرینڈ جیوری نے تقریباً 3 ماہ بعد فیصلہ سناتے ہوئے پولیس اہلکار کو جرم ثابت نہ ہونے پر بے گناہ قرار دے دیا جس پر امریکا کی کئی ریاستوں میں مظاہرے پھوٹ پڑے اور سیکڑوں افراد عدالت کے فیصلے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، اس دوران مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔