|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2014

اسلام آباد: تحریک انصاف نے گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے دی گئی ملک گیر ہڑتال اور لاہور بند کرنے کی تاریخوں میں ردوبدل کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک گیر ہڑتال اور لاہور شہر کو بند کرنے کی تاریخوں میں بھی ردو بدل کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر ہڑتال اب 16 کے  بجائے 18 دسمبر  کو کی جائے گی جبکہ لاہور شہر کو 4 کے بجائے 15 دسمبر کو بند کیا جائے گا تاہم فیصل آباد اور کراچی میں احتجاج بدستور 8 اور 12 دسمبر کی تاریخ پر ہی ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 دسمبر کو جماعت الدعوۃ نے لاہور میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے جس کے باعث تحریک انصاف نے جماعت الدعوۃ کی درخواست پر شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف نے اپنے احتجاج کے حوالے سے دیگر جماعتوں سے رابطہ نہیں کیا گیا جس کےباعث پی ٹی آئی قیادت لاہور میں جماعت الدعوۃ کے جلسے سے لاعلم تھی۔