|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2014

اسلام آباد: پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے اتوار کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ملاقات میں جنرل راحیل نے خطے کی سیکورٹی مسائل پر پاکستانی نقطہ نظر بیان کیا۔ اس موقع پر پاکستان فوج کی تعریف کرتے ہوئے کیری نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ کیری نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کے عمل کو علاقائی استحکام کی جانب قدم کے طور پر خوش آئند قرار دیا۔ کیری کا کہنا تھا کہ امریکا اس حوالے سے پاکستان کی بھر پور تائید کرتا ہے۔ جنرل راحیل سٹرٹیجک معاملات اور آپریشن ضرب عضب پر بات چیت کیلئے رواں مہینے امریکا دورے پر آئے۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس، محکمہ خارجہ اور محکمہ دفاع کے سینئر حکام سے مذاکرات کیے۔ جنرل راحیل نے سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کواٹرز کا دورہ بھی کیا اور امریکی سروسز سربراہان سے پاک-افغان خطے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ خیال رہے کہ سینٹرل کمانڈ افغانستان، عراق اور شام میں امریکی فوج کے امور پر نظر رکھتی ہے۔ جنرل راحیل نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقاتوں میں امریکی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ شمالی وزیرستان میں تمام شدت پسند گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے حقانی نیٹ ورک کی سرگرمیوں پر تشویش کے شکار امریکی حکام کو بتایا کہ پاکستان اس نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔