|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2014

کراچی (ظفراحمدخان )وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاعی ہتھیار جدید اور اعلیٰ کوالٹی کے ہیں۔ ہمارے پاس جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے۔وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی مکمل کامیابی کیلئے پر عزم ہیں۔ پاکستان سے دہشت گردی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ کریں گے، جدید مسلح افواج خود مختاری اور سالمیت کیلئے ناگزیر ہیں، آئیڈیاز نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکیوں کی آنکھیں کھلی رہ گئی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی سازوسامان سے متعلق 8ویں بین الاقوامی نمائش ’’آئیڈیاز 2014‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر ، وزیر تجارت خرم دستگیر، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، جنرل راشد محمود، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ، چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل، طاہر رفیق بٹ اور میجر جنرل آغا مسعود اکرم ڈائریکٹر جنرل، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ ڈی جی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل آغا مسعود نے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا استقبال کیا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید اور بہتر مسلح افواج پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کیلئے ناگزیر ہیں۔ پاکستان کے پاس اس وقت ایک جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے۔ خود مختاری کا تحفظ آزاد ملک کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ ہر ریاست کو اپنی سلامتی اور بقا کیلئے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار رہنا ہوتا ہے۔ اپنے جغرافیائی محل و وقوع کی بدولت پاکستان کو اپنی خود مختاری کیلئے بیشتر ممالک سے زائد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ثابت کیا ہے کہ جدید ترین دفاعی نظام صرف ترقی یافتہ ملکوں کا استحقاق نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان سے ہی ہماری دفاعی صنعت مسلسل ترقی کر رہی ہے، محدود وسائل کے باوجود ہمارے ماہرین نے اس میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے یہ ایک متاثر کن دفاعی نمائش ہے اور۔ یہ نمائش خطے میں سب سے بڑی دفاعی نمائش بن گئی ہے جس میں مختلف ممالک کی 2 ہزار سے زائد دفاعی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ نمائش میں پاکستان کی دفاعی مصنوعات دیکھ کر خوشی ہوئی۔ دفاعی مصنوعات کی تیاری میں پاکستانی انجینئرز کا اہم کردار ہے۔ پاکستان بجا طور پر جدید ترین دفاعی صلاحیت کا حامل ملک ہونے کا دعوی کر سکتا ہے کیونکہ ہمارے پاس جدید ترین دفاعی نظام موجود ہے۔ پاکستان کے دفاعی ہتھیار جدید اور اعلیٰ کوالٹی کے ہیں۔ پاکستانی ہتھیار اور دفاعی آلات کوالٹی میں بہترین اور کم قیمت ہیں جس کی وجہ سے عالمی کمپنیاں اس میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی مکمل کامیابی کیلئے پر عزم ہیں، پاکستان افواج آپریشن ضرب عضب سے ملک کو دہشت گردی کے کینسر سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، ہمارے جوان قبائلی علاقوں میں برسر پیکار ہیں۔ نیک مقصد کے لئے کئی جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔ قبائلی علاقوں میں امن قائم کرکے رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی سمیت تمام مسائل کا خاتمہ کریں گے اور آپریشن ضرب عضب بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔ وزیراعظم نوازشریف نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پاکستانی دفاعی مصنوعات کا معیار دنیا کے بڑے ملکوں کے برابر ہے، ہماری مصنوعات دیکھ بیرون ملک سے آئے ہوئے وفود کی آنکھیں کھل گئی ہیں، ہم دفاعی سامان کی برآمد پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کا کہنا تھا کہ نمائش کو خطے میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور دفاعی مصنوعات کی برآمدگی میں نمائش کا کردار اہم ہے۔ ڈی جی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل آغا مسعود نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ دفاعی نمائش نے گزشتہ14 سال میں نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ نمائش میں چین ، ترکی ، امریکا ، متحدہ عرب امارات ، سوئٹزر لینڈ ، سربیا ، تھائی لینڈ ، جنوبی افریقہ ، رومانیہ ، برطانیہ ، یوکرین ، روس ، سنگاپور، پرتگال ، لیتھونیا، ملائیشیا ، لبنان، کوریا ، اٹلی ، جرمنی ، فرانس ، قبرص ، سپین اور بیلجیم سمیت 256غیرملکی کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے ہیں جبکہ77 پاکستانی سرکاری اور غیر سرکاری کمپنیوں نے بھی نمائش میں اسٹال لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ 88 وفود حصہ لے رہے ہیں۔ دفاعی نمائش میں دوست ملک چین اور ترکی نے بڑے اسٹال لگائے ہیں۔ ٹینک الخالد، بکتر بند گاڑیاں اور میزائلوں سے لیس کشتیاں بھی نمائش میں رکھی جائیں گی۔ روس پہلی بار نمائش میں شرکت کرے گا ۔ نمائش میں JF۔17 تھنڈر طیارے رکھے جائیں گے، یہ نمائش 4دسمبر تک جاری رہے گی۔