|

وقتِ اشاعت :   December 2 – 2014

کراچی: بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کے دوران مقامی انتظامیہ شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام نظر آرہی ہے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں پر پھیل ہوگیا ہے۔ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیا 2014 کامیابی سے جاری ہے لیکن ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس کامیاب نمائش کی پاداش میں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں۔ نمائش کے دوسرے دن بھی گزشتہ روز کی طرح یونیورسٹی روڈ، حبیب رحمت اللہ روڈ اور ضیاءالدین احمد روڈ سمیت دیگر کئی سڑکیں ٹریفک کے جزوی یا مکمل بند ہیں جس کی وجہ سے شارع فیصل ، یونیورسٹی روڈ، ایم اے جناح روڈ، نمائش چورنگی، گرومندر، تین ہٹی، لیاقت آباد، ناظم آباد، گلبہار، لسبیلہ چوک، عیسیٰ نگری، شہید ملت فلائی اوور، مین کورنگی روڈ، آرٹس کونسل چوک، فوارہ چوک، آئی آئی چندریگرروڈ، شاہین کمپلیکس چوک، پیپلزچورنگی، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، پی آئی ڈی سی چوک، عبداﷲ ہارون روڈ، زیب النسااسٹریٹ، پرانا گولیمار، ناظم آباد، نیپا چورنگی، راشدمنہاس روڈ، ڈالمیاروڈ، ڈرگ روڈ اور گلشن اقبال سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہے اوران سڑکوں پر پولیس اہلکاروں کی غیرموجودگی کے باعث ٹریفک کا دباؤ اس قدرزیادہ ہے کہ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس نے اپیل کی ہے کہ ٹریفک جام سے بچنے کے لئے شہری متبادل راستہ اختیار کریں اوراپنے سفر کے اوقات کار میں تبدیلی کریں تاکہ وہ ذہنی کوفت سے بچ سکیں۔