|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2014

شمالی وزیرستان: پاکستان کے قبائلی شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکورٹی فورسز کی حالیہ فضائی کارروائی میں 15 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ بدھ کو شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی فروسز نے شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 15 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے بھی آج ہونے والی کارروائی میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں لٹکہ کے مقام پر دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کے نتیجے میں 30 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔   یاد رہے کہ وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اوراورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔ علاقے میں آزاد میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کی جاتی ہیں۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔ جبکہ خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں بھی ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔