|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2014

کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں معذوروں کا عالمی دن منایا گیا ، انجمن معذوران بلوچستان نے اپنے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں معذوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے مگر بلوچستان میں معذوروں کے لئے سرکاری محکموں میں مختص2 فیصد کوٹے پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے معذور افراد مختلف مسائل و مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں بھی معذوروں کے لئے مختص کوٹے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا اور موجودہ حکومت بھی اسی طرز عمل اختیار کی ہوئی ہے اور مختلف محکموں میں معذوروں کے کوٹے پر ہمیں تعینات نہیں کیا جارہا ۔ انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ سرکاری محکموں میں معذوروں کے لئے مختص 2 فیصد کوٹے پر عمل درآمد کے لئے احکامات دے ۔