|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2014

لاہور:ملک کے ایک بڑے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر پر اسلحے کی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے رپورٹر کراچی سے بھیجے جانے والا پارسل لینے لاہور پولیس اسٹیشن پہنچے تھے جس میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بنانے والی اشیا موجود تھیں۔ پاکستان ریلوے جنرل منیجر آپریشن جاوید انور نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک اینکر پرسن کی جانب سے لاہور کے ایک نمائندے کے نام پر کھیپ بک کرائی گئی تھی۔ اس موقع پر ریلوے پولیس کے آئی جی منیر چشتی اور ڈی آئی جی شارق جمال بھی موجود تھے۔ جاوید انور نے کہا کہ اینکر پرسن سید وسیم قیصر نے تیزگام اور فرید ایکسپریس میں کھیپ بک کرائی اور موقف اختیار کیا تھا کہ اس میں گھریلو سامان موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ عملے کو پارسل میں سے 10 ریوالور جن میں ایک 32 بور جبکہ نو 30 بور کی تھیں، ایک پمپ ایکشن گن، بال بیئرنگ کے تین پیکٹ، کیلوں کا ایک پیکٹ، نو بوتلیں شراب، 40 گرام حشیش اور ڈیڑھ کلو مشتبہ سفید پاؤڈر ملا۔ انہوں نے بتایا کہ جب آصف شہزاد قریشی پارسل لینے آئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کا چینل کا شناختی کارڈ بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ ریلوے افسر کا کہنا تھا کہ ریلوے پولیس کراچی کے ڈی ایس پی نیاز احمد کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ایس ایچ او فرقان الحق، سب انپکٹر اشرم داد، کانسٹیبل سردار محمد، ریلوے کے عملے انس بٹ اور خادم حسین کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔