|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2014

ٹینس اسٹار روجر فیڈرر ہندی زبان سے تو واقف نہیں مگر وہ بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم ‘پی کے’ کے پوسٹرز سے اتنے متاثر ہوئے ہیں کہ اب اسے سینما میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ صرف عامر خان کے انڈین یا پاکستانی پرستار ہی ان کی فلم ‘پی کے’ کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار نہیں کررہے بلکہ ٹینس لیجنڈ روجر فیڈرر بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ روجر فیڈرر نے حال ہی میں ہندوستانی دارالحکومت نئی دہلی میں جاری انٹرنیشنل پریمئیر ٹینس لیگ کے دوران بولی وڈ مسٹر پرفیکٹ کے ساتھ ایک دوستانہ میچ کھیلا اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ‘پی کے’ کے پہلے پوسٹر نے ان کا دل جیت لیا ہے اور وہ اس فلم کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ عامر خان کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب روجر فیڈرر کی ملاقات بولی وڈ اسٹار سے ہوئی تو انہوں نے سب سے پہلے ‘پی کے’ کے پوسٹر پر ہی بات کی اور سوئس اسٹار اس حوالے سے بہت پرجوش نظر آئے۔ روجر فیڈرر نے عامر کو کہا کہ جب یہ فلم ریلیز ہوگی تو وہ اسے ضرور دیکھیں گے۔ خیال رہے کہ عامر خان، انوشکا شرما، سوشانت سنگھ راجپوت اور سنجے دت اسٹارر یہ فلم انیس دسمبر کو ہندوستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جارہی ہے جس کی ہدایات راجکمار ہیرانی نے دی ہے۔ بشکریہ ہندوستان ٹائمز