|

وقتِ اشاعت :   December 11 – 2014

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ ریکوڈک منصوبے سے متعلق حقائق کو چھپایا نہیں جائے گا اور اس حوالے سے کابینہ کو باخبر رکھیں گے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے سے متعلق ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا جس میں شفافیت نہ ہو اور اس حوالے سے عوام اور اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال منصوبے سے متعلق ڈیتھیان کمپنی کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے جب کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ریکوڈک معاملہ صوبے کے لئے ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر جلد کام شروع کریں گے تاکہ مقامی افراد اور ملک کو اس سے فائدہ پہنچے۔

وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کا ایک پتھر بھی کسی کو فروخت نہیں کیا جائے گا، ہمارے پاس وسائل ہیں لیکن وسائل کے ساتھ کیا سلوک ہورہا ہے تاہم کوشش ہے کہ ریکوڈک منصوبے پر جتنا جلدی ممکن ہو کام شروع کیا جائے۔