اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ وہاں سے شروع ہوگا جہاں سے ٹوٹا تھا اور پی ٹی آئی مسئلے کے حل کے لئے ایک قدم آگے بڑھی تو حکومت 2 قدم بڑھے گی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اس لئے تحریک انصاف سے اپیل کرتا ہوں کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لئے اپنے نمائندے بھیجے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفاد کے لئے ملک کے امن و استحکام کو داؤ پر نہیں لگانا چاہتے، امید ہے کہ مذاکرات کے ذریعے سیاسی بحران پر قابو پالیں گے، ملک کو اس وقت عمران سمیت تمام سیاستدانوں کی ضرورت ہے اور ملک کو آگے لے جانے کے لئے اجتماعی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی رہنما تنہا ملک کے مسائل ختم نہیں کرسکتا اور تمام جماعتیں انتخابی اصلاحات چاہتی ہیں جس پر کسی کو اختلاف نہیں جب کہ حکومت قومی اتفاق سے انتخابی اصلاحات مکمل کرنا چاہتی ہے اس لئے تحریک انصاف انتخابی اصلاحات کے لئے فوری قدم بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو غربت، جہالت اور دہشتگردی کے خلاف کام کرنا چاہیئے، سڑکوں پر لڑنے کا فائدہ دشمن اٹھائیں گے اس لئے پڑھے لکھے نوجوانوں کو انتہا پسند بنانے سے گریز کیا جائے۔