اسلام آباد: دفتر خارجہ نے انڈیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان کی دفاعی صلاحتیوں پر کسی ابہام کا شکار نہ ہو۔
دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ‘کسی بھی جارحیت کا جواب دینے اور اپنی سرحدوں کے بھر پوردفاع کے پاکستانی عزم پر کسی کو شکوک و شبہات نہیں ہونے چاہیئں’۔
ہفتہ کو ترجمان نے یہ ردعمل ہندوستان کے وزیر دفاع منوہرپاریکر کے ایک بیان پر دیا ، جس میں انہوں نے کشمیر میں انڈین فورسز پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے اسے چھ مہینوں میں سبق سکھانے کی دھمکی دی تھی۔
ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں انڈین فورسز کے ایک کیمپ پر حملہ میں 11 سیکورٹی اہلکار جبکہ دو شہری ہلاک ہو گئے تھے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا ‘میرے خیال میں آئندہ اس قسم کے حملے بند کرنے کیلئے ہمیں کسی قسم کا سخت ردعمل دکھانا ہو گا۔ آپ اس حوالے سے اگلے چھ مہینوں میں کچھ پیش رفت دیکھیں گے۔۔۔۔ہمیں بلاآخر ایسے بدمعاشوں کو سبق سکھانا پڑے گا’۔
تاہم، منوہر پاریکر نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی حکومت مستقبل قریب میں کون سے ‘سخت اقدامات’ اٹھائے گی۔
اس سے پہلے انڈیا کی وزارت برائے خارجہ امور نے پاکستان پر الزام لگایا تھا کہ وہ جماعت الدعوہ جیسے گروپوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی جس کی وجہ سے دہشت گردی کو فروغ مل رہا ہے۔
منوہر پاریکر نے انہیں الزامات کو ایک مرتبہ پھر دہراتے ہوئے کہا ‘دہشت گردوں کا پاکستان سے آنا ایک کھلا راز ہے’۔
تسنیم اسلم نے ہندوستان کے الزامات مسترد کرتےہوئے کہا کہ ان کی کوئی بنیاد نہیں اور ایسے اشتعال انگیز بیانات پر امن خطے کیلئے سازگار نہیں۔
انڈیا ہماری دفاعی صلاحتیوں پرابہام میں نہ رہے، پاکستان
وقتِ اشاعت : December 14 – 2014