|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2014

بھوانیشور: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ ہفتہ کو چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں انڈیا کے خلاف سنسی خیز کامیابی پر پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن منانے کے متنازعہ انداز پر مزید کسی کارروائی کی ضرورت نہیں۔ انڈیاکو 3-4 سے شکست دینے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے شرٹس اتار کررقص کرنے کے ساتھ ساتھ تماشائیوں کی جانب نازیبا اشارے بھی کیے تھے۔ پاکستان ہاکی کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ مقامی تماشائیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ایسا رویہ اپنانے پر اکسایا اور پلیئرز اس رویہ پر معافی نہیں مانگیں گے۔ انڈین میڈیا کے مطابق، ہفتہ کو ایف آئی ایچ کا یہ بیان ایسے وقت آیا جب شہناز شیخ نے کھلاڑیوں کی جانب سے معافی مانگ لی تھی۔ ٹورنامنٹ کے ایونٹ ڈائریکٹر ویرٹ ڈوئر نے ایک جاری بیان میں کہا تھا’ شہناز شیخ نے معافی مانگتے ہوئے مجھے یقین دلایا کہ آئندہ ایسا واقعہ پیش نہیں آئے گا’۔ اس سے پہلے فیڈریشن نے پاکستان کے خلاف ممکنہ کارروائی کا عندیہ دیا تھا لیکن شہناز کی معافی پر معاملہ رفع دفع کر دیا گیا۔ شہناز شیخ نے انڈین میڈیا پر میچ کی غیر پروفیشنل کوریج پر میچ کے بعد پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا تھا ۔ پاکستانی کوچ کے مطابق اسٹیڈیم میں موجود شائقین اور پریس کانفرنس میں میڈیا کا رویہ نا مناسب تھا۔ انڈین میڈیا نے پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن منانے کے متنازعہ انداز کو بھرپور کوریج دی۔ انڈین کوچ رولنٹ اولٹس مین نے پاکستانی کھلاڑیوں کے انداز کو’ضرورت سے زائد’ قرار دیا تھا۔ انڈین کپتان سردار سنگھ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ردعمل سے شائقین میں غلط پیغام گیا۔ انہوں نے کہا کہ کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم میں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ادھر انڈیا ہاکی فیڈریشن کے سربراہ نریندر بترہ نے کہا کہ پاکستان کےخلاف کارروائی تک وہ کوئی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کاانعقادنہیں کریں گے۔ ‘پاکستانی کھلاڑی ایسا رویہ اپنےملک میں دکھائیں یہاں انڈیا میں نہیں۔’