|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2014

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 122 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو چیلنج کردیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم عوامی نمائندگی کے قانون کی دفعہ 55 کے خلاف ہے، الیکشن ٹریبونل نے صرف عمران خان کی شہادت پر یکطرفہ حکم جاری کیا، اس لئے عدالت عالیہ سے درخواست ہے کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ این اے 122 پر سردار ایاز صادق نے عمران خان کو شکست دی تھی تاہم عمران خان کی درخواست پر الیکشن ٹریبونل نے اس حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ان کی تصدیق کا حکم دیا ہے۔