|

وقتِ اشاعت :   December 16 – 2014

عالمی رہنماؤں نے پشاور میں دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔ امریکی صدر براک اوباما نے پشاور میں اسکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک فعل قرار دیا ہے جبکہ فرانس کے صدرفرینکوئس ہالینڈ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول پر حملہ دہشت گردوں کی جانب سے انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے اوربچوں کے خلاف اس سفاکانہ عمل کی مذمت کے لیے صرف الفاظ کافی نہیں ہیں، فرانس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور مدد کررہا ہے اور اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی ویب سائٹ پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ پشاور کے اسکول میں ہونے والی دہشت گردی ناقابل بیان اور بہیمانہ بربریت کی عکاسی کرتا ہے جس میں بے گناہ انسانوں کو قتل کیا گیا اور وہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے ان تمام لوگوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس واقعے میں اپنے پیاروں کو گنوایا۔ جرمنی کے وزیر خارجہ فرینک والٹر نے بھی دہشت گردی کی کارروائی کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے  کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بچوں پر حملہ کر کے انسانیت پرظلم کی تمام حدوں کو پار کر دیا ہے، جرمنی اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگوہیں۔ اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے تعلیم گورڈن براؤن نے  پشاور سانحے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہےکہ پوری دنیا پشاور اسکول حملے پر دل شکستہ اور افسردہ ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کے ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کے زیر انتظام اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 123 بچوں سمیت 136 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔