|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2014

راولپنڈی: وزیراعظم نواز شریف پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو پہنچ گئے جہاں انہیں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جارہی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کےہمراہ جی ایچ کیو پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس جاری ہے جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلی عسکری حکام شریک ہیں، اجلاس میں  دہشتگردوں کے خلاف بھرپور قوت سے کارروائی کرنے پر غور کیا جارہا ہے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور دہشتگردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔

اجلاس کے دوران سیکیورٹی حکام وزیراعظم کو ملکی سلامتی سمیت داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دے رہے ہیں۔ سانحہ پشاور کے بعد سول و عسکری قیادت دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خلاف ایک صفحہ پرہے اور اس حوالے سے آج ہونے والی ملاقات میں مزید پیش رفت کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم نوازشریف نے سزائے موت پر عائد پابندی اٹھانے کی منظوری دی تھی جس کے بعد گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سزائے موت کے منتظر6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کردیئے ہیں جنہیں ایک دو روز میں منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔