|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2014

پشاور / چارسدہ: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 7 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے متنی کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے جس کی شناخت  مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے چارسدہ میں بھی تھانہ سرو کی حدود میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا تو ملزمان نے فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی بھی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے شدت پسندوں کے دیگر ساتھیوں کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔