|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2014

لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں حساس اداروں کی تنصیبات پر حملے میں ملوث مجرموں کو آج دی جانے والی موت کی سزائیں ڈیتھ وارنٹ جاری نہ ہونے کے باعث موخر کر دی گئی ہیں۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں آج حساس اداروں کی تنصیبات پر حملے میں ملوث 4 افراد زاہد، ندیم، کامران اور عظیم کو تختہ دار پر لٹکایا جانا تھا لیکن ڈیتھ  وارنٹ جاری نہ ہونے کے باعث ان کی سزائیں موخر کر دی گئی ہیں جو اب آئندہ ہفتے کسی بھی روز دیئے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب مجرموں کو سزائے موت دیئے جانے کے فیصلے کے بعد دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر کوٹ لکھپت جیل کی سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے، عام شہریوں کا جیل میں داخلہ بند جب کہ مجرموں کے اہل خانہ کو سخت چیکنگ کے بعد ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کوٹ لکھپت میں قید سزائے موت کے 4 مجرموں میں سے ایک ملتان میں آرمی کیمپ پر جب کہ 3 چناب میں آرمی کیمپ حملے میں ملوث تھے اور ان کی رحم کی اپیلیں صدر پاکستان نے بھی مسترد کردی ہیں جب کہ چاروں دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ موصول ہونے کے بعد انھیں 24 گھنٹے کے اندر تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔