اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کی فکر نہ ہوتی تو میران شاہ کو بمباری کر کے کب کا تباہ کردیا ہوتا تاہم وقت آگیا ہے کہ دہشت گروں کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔
اسلام آباد میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کئی سالوں سے جنگ لڑ رہی ہے، پاک فوج کی کارروائی کے لئے حدود متعین ہیں، لڑائی میں پاک فوج خواتین اور بچوں کو نشانہ نہیں بناتی، پوری قوم کو احساس ہونا چاہیئے کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور یہ جنگ سرحد پر لڑی جانے والی نہیں بلکہ ہمارے دشمن ہم میں موجود ہیں اور ان کے چہروں اور رنگ میں کوئی فرق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90 فیصد سے زائد مدارس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں اور اس بھیڑ چال میں تمام مدارس کو ہدف تنقید نہ بنایا جائے،مدارس قوم اور دین کی خدمت کر رہے ہیں اور یہی مدارس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے دست راست ہیں، مساجد کے اماموں سے اپیل ہے کہ مشکوک افراد دیکھیں تو فوری اطلاع دیں۔خواتین اور بچوں کی فکر نہ ہوتی تو میران شاہ کو تباہ کرچکے ہوتے، چوہدری نثار
وقتِ اشاعت : December 21 – 2014