|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی شب کوئٹہ سے بیس کلو میٹر دور کچلاک کے علاقے کلی جمال آباد میں حساس ادارے نے ایف سی کے ساتھ ملکر ایک مکان پر چھاپہ مارا جس کے دوران چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک عدد بتیس بور پستول اور بارہ عدد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہیں اور ان میں سے ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد میں مولوی عبدالقادر اور حاجی محمد نبی کے نام معلوم ہوسکے ہیں جو آپس میں بھائی بتائے جاتے ہیں۔ چاروں افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔یاد رہے کہ اسی ہفتے کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس سے بھی ایک کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے چھ ارکان کو گرفتار کیا گیا تھا۔