کوئٹہ:ماضی میں بلوچستان کی معاشی اور اقتصادی اہمیت پر توجہ نہیں دی گئی لیکن جمہوری حکومت بلوچستان کی ترقی اور اسے ملک کے دوسرے صوبوں کے برابر ترقی دینے کے لئے تمام ممکن کوششیں کررہی ہے۔ صدرمملکت ممنون حسین۔ یہ بات صدرمملکت سید ممنون حسین نے کوئٹہ میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں گوادر سے کاشغر معاشی راہداری کے منصوبے، معاشی راہداری کے منصوبے میں مرحلہ وار روڈ اور ریل نیٹ ورک کی تعمیر اور بلوچستان کے انتظامی اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ گوادر سے کاشغر تک معاشی راہداری کا منصوبہ بلوچستان کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ منصوبے کے تعمیر کے بعدمعاشی راہداری کے مثبت اثرات سے بلوچستان کے عوام بھی براہ راست مستفید ہونگے۔ گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے بلوچستان کی ترقی کے لئے جمہوری حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے صوبہ کے انتظامی معاملات اور اہم امورپر صدرمملکت کو بریف کیا۔ملاقات میں گورنر بلوچستان کے بڑے بھائی احمدخان اچکزئی کی وفات پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔اس سے قبل جب صدرمملکت بلوچستان کے تین روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تو گورنر بلوچستان اور صوبائی وزراء اور منتخب نمائندوں نے صدرمملکت کااستقبال کیا ۔ تین روزہ دورے میں صدرمملکت کوئٹہ کے علاوہ آج زیارت بھی جائیں گے۔
ماضی میں بلوچستان کی معاشی اور اقتصادی اہمیت پر توجہ نہیں دی گئی،ممنون حسین
وقتِ اشاعت : December 24 – 2014