اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کسی کویہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ بندوق کا استعمال کرے اور ہمیں اپنا راستہ بتائے جبکہ اپنی سرزمین پر مسلح لشکر تشکیل دینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پرویز رشید نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ریڈیو پاکستان کی جانب سے سانحہ پشاور کی یاد میں منتقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمہارے پاکستان میں دن گنے جاچکے، لہو کا حساب دینا ہوگا اور جلد دینا ہوگا۔
قوم سے اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کسی قسم کے عسکری تنظیموں یا جھتوں کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ دہشت گردی کی فکر اور سوچ کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔
پرویز رشید نے جمعرات کو کہا کہ انتہا پسند اپنا ایجنڈہ ہم پر ٹھونس نہیں سکتے، قدرتی سانحہ بھلایا جاسکتا ہے لیکن اپنی غلطی سے ہونے والا نقصان نہیں بھلایاجاسکتا۔
پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردوں نے عبادت گاہوں، حساس تنصیبات اور بازاروں کو نشانہ بنایا۔ سانحہ پشاور کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کا دکھ ہماری آنے والی نسلیں بھی محسوس کریں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کونسا نظام ہوگا یہ کام عوام اور منتخب پارلیمنٹ کا ہے۔