ریاض : سعودی عرب نے جمعرات کو ہیروئین اسمگلنگ کرنے کے جرم میں ایک پاکستانی شہری کا سر قلم کردیا۔
خیال رہے کہ اکتوبر سے اب تک سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت اب تک بارہ پاکستانیوں کو سزائے موت دی جاچکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر یہ تعداد 85 غیرملکیوں پر مشتمل ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تازہ ترین سزا اسمعیل خان سید نامی پاکستانی شہری کو دی گئی جسے ” بڑی مقدار” میں ہیروئین برآمد ہونے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر میں ختم ہونے والے اسلامی سال کے طور پر سعودی عرب کے حکام نے اٹھارہ کلوگرام ہیروئین ضبط کی۔
اقوام متحدہ کے مطابق مشرق وسطیٰ حالیہ برسوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے اہم مارکیٹ کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، تاہم سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر موت کی سزا سنائی جاتی ہے۔