|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2014

ہانگ ہانگ سٹی: ہانگ کانگ میں کیش وین کو پیش آنے  والے حادثے کے نتیجے میں کروڑوں ڈالرز سڑک پر بکھر گئے جس کے بعد لوگوں نے اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کردیئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیش وین 6 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر کی  رقم ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کر رہی تھی کہ اسے ضلع وین چائی کی مشہور شاہراہ پر حادثہ پیش آ گیا جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ہر طرف نوٹ ہی نوٹ بکھر گئے، بس پھر کیا تھا سڑک کے اطراف کھڑے لوگوں نے فوری طورپر بہتی گنگا میں ہاتھ دھونا شروع کردیئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر  لوگوں سے رقم واپس کرنے کی درخواست کی جب کہ پولیس کا کہنا تھا کہ  جو شخص رقم واپس نہیں کرے گا اسے سنگین جرائم کا مرتکب قراردے کر اس کے خلاف  قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ کیش وین کی سیکیورٹی  حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد تقریبا 3 کروڑ 50 لاکھ ہانگ کانگ ڈالر سڑک پر بکھر گئے جس میں سے پولیس نے 2 کروڑ ڈالر لوگوں سے واپس حاصل کر لئے جب کہ ڈیڑھ کروڑ ڈالر تاحال لوگوں کے پاس ہیں جن کی واپسی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔