|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2015

واشنگٹن: سونی پکچرز کی فلم ’دی انٹر ویو‘ کی ریلیز کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے اور اوباما انتظامیہ نے شمالی کوریا پر مزید معاشی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے شمالی کوریا کی ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی سمیت 3 اداروں اور 10 شخصیات پر اسلحہ بیچنے اور اس کے پھیلاؤ کے الزام میں معاشی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے شمالی کوریا پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے سیکرٹری جیکب لیو کا کہنا ہے کہ واشنگٹن شمالی کوریا پر اس کے تباہ کن فعل کی وجہ سے اس کا احتساب کرنے کے لئے پرعزم تھا۔ امریکا کے تحقیقاتی ادارے ایف پی آئی کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم یہ پابندیاں اس بات کو واضح کرتی ہیں کہ امریکا اپنی تجارت، شہریوں اور اپنی اقدار کے تحفظ کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ سونی پکچرز کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کم جان ان پر بننے والی فلم ’دی انٹرویو‘ کی ہیکنگ کے معاملے پر امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان شدید تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا جب کہ شمالی کوریا کی جانب سے فلم کو ہیک کرنے کے معاملے کی مکمل طور پر نفی کی جاتی رہی ہے۔