|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2015

کوئٹہ : کیپٹل سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد دہشتگردی کے خلاف حکومتی واضح پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے کوئٹہ شہر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مختلف دکانوں سے منافرت پھیلانے والے مواد اور لٹریچر کو قبضے میں لیکر 40افراد کو گرفتار کرلیا ہے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور شہر میں امن وامان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔یہ بات انہوں نے ہفتے کی شام کو سی سی پی او کے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے سانحہ پشاور کے بعد دہشتگردی کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہے گذشتہ روز بھی فورسز کے ساتھ ملکر پولیس نے کچلاک سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں اور ان کارروائیوں کے دوران 49دکانوں سے مذہبی منافرت پھیلانے والے لٹریچر سمیت دیگر سامان برآمد کیا جس میں 5عدد یو ایس بی ،5آڈیو کیسٹ 46کتابچے دو واکی ٹاکی سیٹ سمیت 715ڈیٹو نیٹرز شامل ہیں جبکہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے اس دوران 30دکانوں کو سیل کرتے ہوئے 40مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تحقیقات کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جو لٹریچر ہم نے برآمد کیا وہ کالعدم تحریک طالبان اور آزادی پسند تنظیموں سے متعلق ہیں تاہم ابتدائی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ گرفتار ہونیوالے افراد براہ راست ان تنظیموں سے منسلک ہے یا پھر محض لٹریچر فروخت کرنے کے حد تک محدود ہے ہم اس ضمن میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچیں گے ۔انہوں نے کہاکہ 12ربیع الاول کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا ہر پہلو سے جائز ہ لے لیا گیا ہے اور اس حوالے سے ہم نے جلوس کے قائدین سے بھی مشاورت کی ہے تاکہ جلوس کے راستوں کو مکمل طور پر سیکور کرکے علاقے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے سوئپنگ کی جائے اور جلوس کی گزرگاہوں کو مکمل طور پر چیک کرلیا جائے انہوں نے کہاکہ یہاں ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی تریڈز موجود ہیں تاہم ہم عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائینگے اور کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی پولیس اہلکاروں کے تنخواہوں کے حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس کام کررہے ہیں اور جلد ہی اہلکاروں کی تنخواہوں سے متعلق سمری حکومت کو ارسال کردی جائیگی انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز میڈیا پر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی سے دو لاشیں برآمد ہونے سے متعلق خبریں سامنے آئی تھی جس میں کوئی حقیقت نہیں ہم چاہتے ہیں کہ اس طرح کی خبروں کی نشرو اشاعت سے قبل تصدیق کرلی جائے ہمیشہ سے میڈیا کیساتھ مکمل تعاون میں ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پولیس اور میڈیا ملکر شہر میں قیام امن کیلئے مثبت پیش قدمی کریں ۔